سفارتخانہ پاکستان ماسکوکی جانب سے لاک ڈائون کی وجہ سے ماسکو ،سینٹ پیٹرزبرگ سمیت روس کے دیگر شہروں میں پھنسے پاکستانیوں میں راشن تقسیم گیا

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ سمیت روس کے دیگر شہروں میں پھنسے پاکستانیوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس احسن اقدام پر پاکستانیوں نے پاکستانی سفیر شفقت علی خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ روس کے دارالحکومت ماسکو میں کثیر تعداد میں پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہوسٹل تک محدود رہ گئے تھے اور پیسے ختم ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے احکامات کی روشنی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے راشن تقسیم کیا جا رہا ہے جسے پاکستانی کمیونٹی نے بے حد سراہا ہے۔ سائبیریا کے شہر ٹومسک میں مقیم ایک پاکستانی طالب علم نے بتایا کہ وہاں پچھلے دس دنوں سے لوگ کھانے کو ترس رہے ہیں اور وہاں سردی بہت زیادہ ہوتی ہے، اس وقت بھی درجہ حرارت منفی دس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماسکو میں سفارت خانہ پاکستان نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں مالی مدد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے شہر میں کرفیو لگ چکا ہے اور گروسری اسٹورز میں طلبہ کو اشیائے خوردونوش کی بہت زیادہ ضرورت تھی، لیکن اس مشکل وقت میں سفارت خانہ پاکستان اور حکومت پاکستان نے ان کی بہت زیادہ مدد کی اور انہیں گروسری فراہم کی ہے۔ پاکستانیوں کا اس طرح خیال رکھنے اور راشن فراہم کرنے پر پاکستانی کمیونٹی نے سفیر پاکستان شفقت علی خان، حکومت پاکستان اور بالخصوص وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News